کراچی : قومی ایئرلائن کی فضائی میزبانوں کی برمنگھم ایئرپورٹ پر سیکورٹی عملے اور کسٹم حکام نے شک کی بنیاد پر باری باری تلاشی لی، برمنگھم ایئرپورٹ پر سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے برمنگھم پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز791 کی فضائی میزبانوں کو جہاز سے اترتے ہی برطانوی سیکیورٹی عملے نے جیٹی پر ہی روک لیا۔
سراغ رساں کتوں کی مدد سے 13فضائی میزبانوں کی سرچنگ اور ان کے سامان کی بھی تلاشی لی اور فضائی میزبانوں کو مکمل سرچنگ کے بعد لاؤنج میں جانے کی اجازت دی گئی۔
جیٹی پر تلاشی کے بعد برطانوی کسٹمز حکام نے بھی انہیں تلاشی کیلئے روک لیا، برطانوی کسٹمز نے بھی ایک گھنٹے فضائی میزبانوں اور ان کے سامان کی جانچ پڑتال کی اور مختلف سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق برطانوی کسٹمز نے مشکوک اشیاء کی اطلاع پر فضائی میزبانوں کے سامان کی مکمل تلاشی لی، مذکورہ واقعہ اسلام آباد سے برمنگھم جانے والی پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے ساتھ پیش آیا۔