جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے سابق وکٹ کیپر مارک باؤچر کو کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ بورڈ نے سابق کپتان گریم اسمتھ کی بطور ڈائریکٹر تقرری کے بعد سابق وکٹ کیپر مارک باؤچر کو کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
مارک باؤچر کو 2023 تک ہیڈ کوچ تعینات کیا گیا ہے، ہیڈ کوچ کا پہلا امتحان 26 دسمبر سے شروع ہونے والی چار میچوں کی ٹیسٹ سیریزمیں عالمی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق سابق آل راؤنڈر جیک کیلس کو مستقبل قریب میں بیٹنگ کوچ نامزد کیا جاسکتا ہے جبکہ سابق کرکٹر ایشول پرنس اے ٹیم کے کوچ تعینات ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مارک باؤچر اس سے قبل اگست 2016 میں ڈومیسٹک ٹیم ٹائٹنز کے مینٹور رہ چکے ہیں ان کی سرپرستی میں فرنچائز نے دو ون ڈے کپ اور ایک ٹی ٹوینٹی کپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
مارک باؤچر کی سرپرستی میں کھیلنے والے ایڈن مارکرم، تبریز شمسی، فاسٹ بولر اینگیڈی اور کلاسین جنوبی افریقی ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔
مارک باؤچر نے 2012 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے 147 ٹیسٹ، 295 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوینٹی میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی۔