کراچی : پنجاب میں شدید دھند کے باعث صرف بڑی شاہراہیں اور موٹر ویز ہی نہیں بلکہ ایئر لائیز کی پروازیں بھی متاثر ہورہی ہیں، دھند کی وجہ سے 15 دسمبر اتوار کو پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول متاثر رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی کی دوطرفہ پروازیں پی.کے302 پانچھ اور303 پونے چار گھنٹے کی تاخیر سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔
اس کے علاوہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے368 دو گھنٹے30 منٹ اور کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے304 ایک گھنٹہ30 منٹ لیٹ ہوگی۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور رحیم یار خان دھند کی وجہ سے بری طرح متاثر ہیں جس کی وجہ سے اندرون ملک پروازیں صرف حد نگاہ بہتر ہونے پر چلائی جائیں گی جبکہ غیر ملکی پروازیں حد نگاہ کم ہونے کے باعث متبادل ائر پورٹ پر اتاری جائیں گی۔
پی آئی اے انتظامیہ نےمسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ٹکٹس بک کرواتے ہوئے موبائل نمبرز کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ ان کو پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ تمام مسافروں کو ان کے درج شدہ نمبرز پر پروازوں کی تاخیر سے متعلق مطلع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے مسافر ایئرپورٹس جانے سے پہلے پی آئی اے کے کال سینٹر سے اپنی پروازوں سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔