ریاض: سعودی عرب میں ایک ایسا پُل تعمیر کیا گیا ہے جس پر منٹوں کا سفر گھنٹوں میں بدل جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الریاض برج سعودی عرب کا ایک ایسا پُل ہے، جس پر منٹوں کی مسافت گھنٹوں میں طے ہوتی ہے، یہ پُل 2000 میں مکمل کی گئی تھی اور اس کی تعمیر پر 6 سال کا عرصہ لگا، اس کی لمبائی 763 میٹر اور چوڑائی 35 میٹر ہے، اور اس کی تعمیر میں 300 ماہرین تعمیرات نے حصہ لیا۔
وادیٔ لبن میں تعمیر شدہ الریاض برج کی تعمیر اگرچہ ضرورت دیکھ کر کی گئی تھی تاہم یہ اندازہ نہیں تھا کہ اس پر چند منٹ کی ٹریفک کئی گھنٹے طویل ہو سکتی ہے، ٹریفک کا حجم یہاں اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ اکثر ٹریفک جام کی کیفیت ہو جاتی ہے اور گاڑیاں گھنٹوں تک پھنسی رہتی ہیں۔
یہ پُل بین الاقوامی ماہر تعمیرات سیشادری سرینفویسن نے ڈیزائن کیا تھا، گوگل میپ کے مطابق یہاں دو طرفہ مسافت مجموعی طور پر پچیس منٹ پر مشتمل ہے، لیکن گاڑیوں کی غیر معمولی رش کی وجہ سے مسافت طویل ہو جاتی ہے، حادثے یا گاڑی خرابی کی صورت میں تو کئی گھنٹوں کی اذیت برداشت کرنی پڑتی ہے۔
الریاض بلدیہ کی انتظامیہ اس مسئلے کے حل کے لیے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے، وزارت ٹرانسپورٹ نے مختلف راستوں پر رہ نمائی بورڈ نصب کرنے کی تجویز دی ہے، سروس ٹریک بنانے اور جدہ کی طرف جانے والی ٹریفک کا راستہ تبدیل کرنے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔
الریاض پُل کا شمار دنیا کے بڑے اور اونچے برجز میں ہوتا ہے، جدید فن تعمیر کا یہ شاہ کار شہر کو دیگر شہروں سے ملاتا ہے۔ یہ دو بلند ستونوں پر کھڑا ہے، شمالی ستون کی اونچائی 72.5 میٹر اور جنوبی ٹاور کی 80.5 میٹر ہے جب کہ پل کے درمیان میں مرکزی ستونوں کی لمبائی 90 میٹر ہے۔