اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا بیڑا وزیراعظم نے اٹھایا ہے، انفارمیشن کمیشن کی ویب سائٹ کا اجر ابھی اسی جانب قدم ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن میں 220 درخواستیں آچکی ہیں، اب تک 100 درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کا مقصد اداروں سے متعلق معلومات کا حصول ہے، شہری ایک کلک کی مدد سے اداروں کی معلومات اور حکومتی ترجیحات حاصل کرسکیں گے، کمیشن کے لیے 7 کروڑ کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ویب سائٹ قائم کرنے کے بعد اصل کام اس سے فائدہ اٹھانا ہے، پاکستان اور باہرکوئی بھی مصدقہ معلومات حاصل کرسکے گا، کمیشن کے ارکان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، اہم فریضہ انجام دیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کےعوام کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں، پاکستان کا درخشاں چہرہ وزیراعظم متعارف کرانے میں کامیاب ہوئے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی صرف صحافی برادری کے لیے نہیں ہے، کوئی بھی پاکستانی درکار معلومات حاصل کر سکتا ہے، ڈیجیٹل پاکستان کا بیڑا وزیراعظم نے اٹھایا ہے، انفارمیشن کمیشن کی ویب سائٹ کا اجر ابھی اسی جانب قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو بھی معلوم نہیں کہ انفارمیشن کمیشن کام کر رہا ہے، انفارمیشن کمیشن سے متعلق عوام کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔