لندن/ برسلز : برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے نتیجے میں بلجئیم کے 42 ہزار افراد اپنے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلجئیم کی معروف لیون یونیورسٹی اور فلامش گورنمنٹ کی جانب سے کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی (بریگزٹ) کے نتیجے میں بلجئیم کے 42 ہزار افراد اپنے روزگار سے محروم ہوجائیں گے۔
تحقیق کے مطابق بلجئیم کا فلامش بولنے والا علاقہ جو کہ فلاندرز کہلاتا ہے وہاں سے 28 ہزار، فرانسیسی زبان بولنے والوں کے علاقے سے 10 ہزار اور دارالحکومت برسلز سے 4 ہزار نوکریاں ختم ہوجائیں گی۔
بلجئیم کا دوسرا بڑا اور ساحلی شہر اینٹورپن اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا، جہاں سے 7 ہزار 900 افراد بے روزگار ہوں گے۔
حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بریگزٹ کے نتیجے میں جو شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، ان میں خوراک اور ٹیکسٹائل شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بریگزیٹ کے بعد اگر یورپ اور برطانیہ کے درمیان تجارت کا کوئی قابل عمل فارمولا نکل آتا ہے تو اس کے ذریعے ان 42 ہزار میں سے 6 ہزار ملازمتوں کو بچایا جاسکتا ہے۔