ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

ملک کے لیے جان داؤ پر لگانے والا غدار ٹھہرایا جارہا ہے، خالد مقبول صدیقی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کیسا انصاف ہے ملکی دولت لوٹنے والوں کو وفادار کہا جارہا ہے اور ملک کے لیے جان داؤ پر لگانے والا غدار ٹھہرایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے مشرف کے خلاف فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علیل پرویز مشرف کو دفاع کا موقع دیا جانا چاہئے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پرویز مشرف کی عسکری خدمات نمایاں ہیں، کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے مشرف کی خدمات مثالی ہیں، ان پر دولت لوٹنے اور کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا اس سے قبل کہنا تھا کہ مرتکب شخص کی مدد کرنے والے بھی سزا کے مستحق ہوتے ہیں، پرویز مشرف کے خلاف فیصلے میں ایسا کچھ نظر نہیں آرہا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ آئین شکنی محض مارشل لا یا ایمرجنسی کا نام کیوں ہے؟ نام نہاد جمہوری حکومتیں بھی آئین سے روگردانی کرتی نظر آتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف کسی صورت غدار نہیں‌ ہوسکتے، پاک فوج

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں ادارہ جاتی استحکام کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی نے کہا ہے کہ کیس میں قانونی، آئینی تقاضے پورے نہیں ہوئے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، جمہوریت بہترین انتقام کا نعرہ لگانے والوں نے کون سی دودھ کی نہریں بہادی ہیں۔

پی ایس پی کا کہنا تھا کہ نام نہاد جمہوری قوتوں نے مشرف سے این آر او حاصل کیا، افتخار چوہدری پر بھی کیس چلایا جائے جس نے توثیق دی تھی۔

واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے سابق صدر اور جنرل (ر) پرویز مشرف کو آئین شکنی کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

خصوصی عدالت کے 3 رکنی بینچ میں شامل ایک جج نے سزائے موت سے اختلاف کیا تھا، تاہم خصوصی عدالت کے بینچ نے اکثریت کی بنیاد پر فیصلہ سنایا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں