کراچی: شہر قائد کی پولیس نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ میچ ہوگا، کراچی پولیس نے میچ کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا، 3647 اہل کار اور افسران اس دوران سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 12 گھڑ سوار، 66 خواتین اہل کار بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی، 175 پولیس موبائل، 41 موٹر سائیکلیں گشت پر مامور ہوں گی، 34 ایس ایس پیز، ایس پیز اور 69 ڈی ایس پیز بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، پاکستان سری لنکا ٹیسٹ میچ، متبادل روٹس کا اعلان
خیال رہے کہ انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، پاکستان اور سری لنکا ٹیموں کے درمیان ایکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا۔
پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، شنواری کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا جا سکتا ہے، سری لنکن ٹیم پاکستان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے پر عزم ہے جب کہ پاکستانی ٹیم جیت کے لیے جی جان کی بازی لگائے گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج 10 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔