راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی ایک مرتبہ پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید 2 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر لسوا گاؤں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 2 شہری زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں 14سال کا شہریار اور 29 سال کا نوید شامل ہے جبکہ فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی جوابی کارروائی میں بھارتی چوکی تباہ اور بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں بھارتی فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کا تعلق ضلع بھمبرکے گاؤں مندیکا سے تھا