کراچی : آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ملائشین اولمپکس میں تھرو بال ٹیم میں منتخب ہونے والی خاتون کھلاڑی کو دولاکھ روپے کا چیک پیش کیا، اقراء کراچی ٹریفک پولیس کے افسر کی صاحبزادی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس افسر کی صاحبزادی نے ملائشین اولمپکس میں تھرو بال ٹیم کیلئے منتخب ہوکر ملک کانام روشن کردیا، اقراء کراچی ٹریفک پولیس کے افسر ذاکر حسین کی صاحبزادی ہیں۔
آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ملائشین اولمپکس میں تھرو بال ٹیم میں منتخب ہونے والی خاتون کھلاڑی اقراء سے ملاقات کی اس موقع پران کے والد ذاکر حسین بھی موجود تھے جو کراچی ٹریفک پولیس میں انسپکٹر کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے دولاکھ روپے کاچیک دیا، أئی جی سندھ نے ملائشین اولمپکس کے تحت تھرو بال ٹیم میں سلیکشن پراقراء کو مبارکباد دی اور مقابلے میں ان کی ٹیم کی فتح اور پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرنے کی دعا کرتے ہوئے اپنی اور سندھ پولیس کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آئی جی سندھ کی تھرو بال ٹیم کے ساتھ ملائشیا روانگی کی مد میں اٹھنے والے اخراجات کی اقراء کو فراہمی کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے امروز اے آئی جی ویلفیئر سندھ کی جانب سے دو لاکھ روپے کا چیک ان کے والد ٹریفک پولیس انسپکٹر ذاکر کو دیا گیا۔