بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

پشاور کے سرکاری اسکول میں رقص کی محفل، لکی مروت اسکول کی دیواروں میں دراڑیں

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: خیبر پختون خوا کے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر کرنے کے دعوؤں کے باوجود اسکولوں کی حالت بہتر نہیں ہو سکی۔

تفصیلات کے مطابق جہاں ایک طرف پشاور کے ایک سرکاری اسکول میں تبدیلی کا یہ رنگ آیا ہے کہ اسکول میں رقص کی محفلیں سجنے لگی ہیں، وہاں دوسری طرف لکی مروت کے سرکاری اسکول کی دیواروں میں دراڑیں موجود ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی کے ضلع لکی مروت کے علاقے نار خان خیلان کے گورنمنٹ پرائمری اسکول میں سہولتوں کا اس قدر فقدان ہے کہ اسکول کے بچے سردی کے باوجود زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

- Advertisement -

اسکول کے کمروں میں دراڑیں پڑنے کے باعث بچوں کو باہر بٹھایا گیا ہے، نار خان خیلان کا یہ واحد پرائمری اسکول صرف 2 کمروں پر مشتمل ہے، انتخابات میں یہ اسکول بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی فہرست میں شامل رہا، لیکن تعلیم کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اس پر توجہ دینے کی کوئی زحمت نہیں دی گئی۔

اسکول کے بچے آج بھی کسب علم کے لیے لکڑی کی بنی تختیاں استعمال کر رہے ہیں، اسکول میں زیر تعلیم غریب بچے کتابوں اور اسٹیشنری کے اخراجات بھی برداشت نہیں کر سکتے، رواں برس جنوری میں عطیات کے ذریعے طلبہ کے لیے اسٹیشنری خرید کر دی گئی تھی۔

دوسری طرف پشاور کے ایک سرکاری اسکول میں دن کو تعلیم اور رات کو رقص کی محفلیں سجنے لگی ہیں، قصہ خوانی میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول شاہ ولی قتال میں محفل رقص نے انتظامیہ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پرائمری اسکول کے ہال میں رقص کی محفل کئی دنوں تک جاری رہی، اہل علاقہ رقص کی محفل سے پریشان رہے، پولیس بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔ یاد رہے کہ بنوں کے سرکاری اسکول میں اے این پی کے جلسے پر نوٹس لیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں