جدہ : اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی مجلس شوریٰ چیئرمین کی دعوت پرجدہ پہنچ گئے، پاکستانی وفد خادم الحرامین الشریفین سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، اُن کی غیر موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے، اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
جدہ ایئرپورٹ پر اسد قیصر کا سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین شیخ عبداللہ نے پرتپاک استقبال کیا، دورہ سعودی عرب کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئیں گے، اس موقع پر مجلس شوریٰ اور پاکستانی پارلیمنٹ میں مختلف یاد داشتوں پردستخط بھی کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ دورہ کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت اور معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پارلیمانی وفد سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت، تجارتی برادری اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔