کراچی : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت کا اجتماعی مفاد ذاتی مفادات سے بالاتر ہے، ہمارا منشور قرآن اور ہمارا راستہ جہاد ہے، ہم دین کا غلبہ چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع غربی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اجتماعی مفاد ذاتی مفادات سے بالاتر ہے، ہم حکومت میں امریکا کے ایجنٹوں کے بجائے عاشقان مصطفیٰ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم دین کا غلبہ چاہتے ہیں، ہم بینکوں میں سود سے پاک نظام چاہتے ہیں، ہمارا منشور قرآن اور ہمارا راستہ جہاد ہے، حکومت اسلامی کا قیام اور اللہ کے دین کو قائم کرنا قرآن کا مقصد ہے، آنے والا مستقل اس ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہوگا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج ہر طرف غربت ناچتی نظر آرہی ہے، مزدور کو اس کی مزدوری نہیں ملتی، تبدیلی کے نام پر حکومت لائی گئی، پندرہ ماہ گرز گئے وعدے اور دعوے آج بھی دھرے کے دھرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کےایوانوں میں عوامی مسئلے کی بات نہیں کی جاتی، عوام کے پیسوں سے گھنٹوں میٹنگز کی جاتی ہیں جن پر سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے خرچ کیےجاتے ہیں، تبدیلی صرف وزیروں اور مشیروں کے بینک اکاؤنٹ میں آئی ہے جبکہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور انقلاب کی ضرورت ہے۔