جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

27 ماہ میں لوٹے گئے 153 ارب قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، چیئرمین نیب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ 27 ماہ میں لوٹے گئے 153 ارب قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، نیب کی کارکردگی کو قومی اور بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک میں احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سےعمل پیرا ہے، نیب نے ایک منزل کا تعین کیا ہے، جس کا مقصد بدعنوان عناصرکے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔

جاوید اقبال نے کہا کہ 27 ماہ میں لوٹے گئے 153 ارب قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، 630 ملزمان گرفتار، بدعنوانی کے 600 ریفرنس عدالتوں میں دائر کیے، عدالتوں میں نیب مقدمات میں سزا دلوانے کی شرح 70 فیصد ہے، جو کسی بھی انسداد بدعنوانی کے ادارے میں بہت زیادہ ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں ہے، 25 احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1261 ریفرنس زیر سماعت ہیں، زیرسماعت ریفرنس کی مالیت تقریباً 943 ارب روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، افسران بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھ کر کام کر رہے ہیں، نیب کی کارکردگی کو قومی، بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ملک کے59 فیصد افراد نے نیب پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، قوم کے اعتماد سے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں، بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کاوشوں کو دگنا کر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں