جہلم : وزیراعظم عمران خان آج پنڈدادن خان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ جلال پور کینال منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، منصوبے پر 32 ارب 72 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدادن خان میں جلالپور کینال منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب آج ہوگی۔ وزیراعظم 117 کلو میٹرطویل جلالپور ایری گیشن کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
جلال پورایری گیشن کینال منصوبے پر 32ارب72کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت 30 رابطہ نہروں او ر 16 برساتی نالوں کی تعمیر بھی ہوگی، منصوبے سے 1 لاکھ 70 ہزار ایکڑ بارانی رقبے کو نہری پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔ منصوبے سے جہلم، خوشاب کے 80 سے زائد دیہات کے 4 لاکھ کاشتکارمستفید ہوں گے۔
منصوبہ سنہ 2024 تک مکمل ہوگا جس پر 48 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 274 ملین ڈالر ایشین ڈیولپمنٹ بینک فراہم کرے گا۔
مذکورہ منصوبہ سنہ 1898 میں شروع کیا جانا تھا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کام شروع نہ ہو سکا۔ سابق صدر پرویز مشرف نے سنہ 2007 میں منصوبے پر کام شروع کروایا تاہم 2008 میں منصوبہ پھر رک گیا۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے جلسہ گاہ کا معائنہ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ پنڈال میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، لوگوں کی آمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے اطراف غیرمتعلقہ گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔
اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد تقریب میں پہنچیں گے پنڈدادن خان کےعوام آج اپنے لیڈرکا بھرپوراستقبال کریں گے