کراچی : پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے کے لاہور ایئر پورٹ پر اترتے ہی انجن سے کوئی چیز ٹکرائی جس سے اس کا توازن بگڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق جدہ سے لاہورآنے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سےبال بال بچ گئی، واقعہ لاہور ایئر پورٹ پر دوران لینڈنگ انجن سے کسی چیزسے ٹکرانےکی وجہ سے پیش آیا۔
اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کے کپتان نے مہارت اور پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کوایک انجن کی مدد سے بورڈنگ برج پر پارک کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا گیا ہے، طیارے کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا کسی پرندے کے ٹکرانے سے ہوا یا کسی اور وجہ سے؟ البتہ طیارے کی مرمت ہوتے ہی پرواز کو جدہ کیلئے روانہ کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : سیالکوٹ ایئرپورٹ ، پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
واضح رہے کہ اس سے قبل سیالکوٹ ائیرپورٹ کے رن وے کی حالت انتہائی خراب ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔
جدہ سے سیالکوٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے746سیالکوٹ ائیرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کے بعد موڑ لے رہا تھا کہ اس دوران رن وے اچانک بیٹھ گیا، رن وے خراب ہونے کی وجہ سے بوئنگ 777 طیارے کا ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث ٹائر مکمل طور ناکارہ ہو ٓگیا، حادثے کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔