ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا: بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا، تاریخ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو وفاقی پاکستان کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں۔ بینظیر کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر سازشیوں کے عزائم کو ناکام بنایا تھا، عوام بہادر قائد کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جس نے سب کچھ قربان کر دیا۔ شہید بینظیر بھٹو نظریات کے لیے بڑی بہادری سے لڑیں۔ انہوں نے جیالوں کو متحد کیا اور آمر ضیا کے خلاف جدوجہد کی قیادت کی۔

انہوں نے کہا کہ نظریات کی خاطر ہی ذوالفقار بھٹو نے پھانسی کا پھندہ گلے لگایا تھا۔ شہید بینظیر بھٹو کو قید تنہائی اور جلا وطنی کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔ انہوں نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے وزیر اعظم بننے کے بعد سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ بطور وزیر اعظم ملک و عوام کے لیے ترقیاتی پروگرامز شروع کیے۔ صحت، تعلیم، غربت کے خاتمے، خواتین کی بہبود اور دفاع جیسے پروگرامز کا آغاز کیا۔ بیلسٹک میزائل پروگرام نے ہمارے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ وہی جوہری پروگرام جس کی بنیاد شہید بھٹو نے عدالتی قتل سے پہلے رکھی تھی۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھوں گا، تاریخ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں