اشتہار

بیلجیئم یونیورسٹی فروری سے پہلے امام کورس کا آغاز کرے گی

اشتہار

حیرت انگیز

برسلز : بیلجیئم کی معروف یونیورسٹی امام کورس کا آغاز کررہی ہے، بیلجیئم میں مسلمانوں کے لیے امام بننے والے افراد کو ملک میں ہی تعلیم دی جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے بیلجیئم کی معروف یونیورسٹی کے یو لیووون فروری میں اپنا پہلا امام کورس شروع کرنے جارہی ہے، یہ کورس 6 سال پر مشتمل ہوگا جس میں سے 4 سال مذہبی اور 2 سال یونیورسٹی کی تعلیم دی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پہلے کورس میں ہی 30 مقامی طلبہ کی شمولیت متوقع ہے، اس کورس کی ابتدا کا ایک اہم سبب وہ پارلیمانی رپورٹ ہے جس نے 2016 میں ایئرپورٹ سمیت دارالحکومت میں ہونے والے بم دھماکوں کی وجوہات کا جائزہ لیا تھا۔

- Advertisement -

رپورٹ میں بیلجیئم کے مسلم نوجوانوں کے شدت پسندی کی جانب راغب ہونے کی ایک اہم وجہ ان اماموں کی تقاریر کو ٹھہرایا گیا تھا جو مسلمانوں کے آبائی ملکوں سے آئے ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں تجویز کیا گیا تھا کہ مسلم امام اسی معاشرے کا حصہ ہونے چاہئیں، اس حوالے سے بیلجیئم میں فلامش علاقے کی حکومت نے مسلم ایگزیکٹیو کونسل اور فیڈرل گورنمنٹ کے تعاون سے مذکورہ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر یہ کورس ترتیب دیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس کورس کے حوالے سے مسلم ایگزیکٹیو کونسل نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

مسلم ایگزیکٹیو کونسل کا خیال ہے کہ مسلم تعلیمات کے بارے میں مقامی آبادی اور حکومت کے غلط خدشات دور کرنے کا یہی ایک بہترین طریقہ ہے کہ یہاں کے پیدائشی اور مقامی زبانوں پر عبور رکھنے والے افراد مسلم مذہبی تعلیمی ضروریات کو پورا کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں