پشاور: خیبرپختونخواہ کے محکمۂ تعلیم نے ذہین اور نادار طالب علموں کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ کے محکمہ تعلیم نے 200 طلبا کو اسکالر شپ دینے کا فیصلہ کیا جو میرٹ اصول کے تحت دی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق اسکالر شپ حاصل کرنے کے خواہش مندوں کا داخلہ ٹیسٹ 26 جنوری 2020 کو لیا جائے گا، جس کے لیے امیدواروں کی عمرکی حد 11 سے 13 سال مقررکی گئی ہے۔
داخلہ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں کو 7 ویں سے 12 ویں جماعت تک مفت تعلیم دی جائے گی۔محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا کہ اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا کو صوبے کے 10 معیاری تعلیمی اداروں میں تعلیم دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس خیبرپختونخواہ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم نویں اور دسویں جماعت کی طالبات کے ماہانہ وظیفے میں اضافے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں ہر مہینے حکومت کی جانب سے 500 روپے ماہانہ بطور وظیفہ دیے جارہے ہیں۔
حکومت نے یہ قدم لڑکیوں میں خواندگی کی شرح کو بڑھانے کے لیے اٹھایا تھا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کو صوبے کا سرکاری تعلیمی نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے کئی اہم اقدامات اٹھائے۔
اطلاعات کے مطابق سرکاری اسکولوں میں نظام تعلیم بہتر ہونے کے بعد سیکڑوں والدین نے اپنے بچوں کو پرائیوٹ اسکولز سے ہٹا کر گورنمنٹ کے تعلیمی اداروں میں داخل کرایا جبکہ تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ضیا اللہ بنگش نے بھی اپنی صاحبزادی کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرایا تھا۔