اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے معروف کشمیری کارکن ٹونی ایشا کی ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے معروف کشمیری کارکن ٹونی ایشا کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی حکومت کے ظلم و ستم پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں پر مشاورت کی گئی۔
کشمیری رہنما ٹونی ایشا کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں۔ بھارتی جبر اور خطے پر مہلک اثرات سے اقوام عالم کو بر وقت آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی مسلسل کوششوں پر کشمیری عوام ان کے شکر گزار ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے سے مودی سرکار کا آر ایس ایس ایجنڈا بے نقاب ہوا۔ عالمی سطح پر بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ بھی فاش ہوا۔
ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق اور مقدمہ ہر فورم پر اٹھاؤں گا، ہر سطح پر کشمیریوں کی آواز بننے کے لیے پرعزم ہیں۔ دنیا کو مودی کے ایجنڈے اور اس کے مہلک اثرات کا ادراک کرنا ہوگا۔ آر ایس ایس اور ہندو توا ایجنڈا کروڑوں عوام کی شناخت مٹانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور ہندو توا کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔