اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی قیمت پر احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جس نے کرپشن کی وہ سزا بھگتے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹیجی پر اجلاس ہوا، جس میں بابراعوان، اسدعمر، مراد سعید، فیصل جاوید، فردوس عاشق اعوان، معید یوسف اور شفقت محمود نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیب ترمیمی آرڈیننس پر ردعمل کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران احتساب سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب آرڈیننس پر جو رد عمل آیا وہ سب کے سامنے ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی قیمت پر احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جس نے کرپشن کی وہ سزا بھگتے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں معیشت کی بہتری کے لیے انتھک کوشش کی۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ 2020 میں عام آدمی کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے، معیشت میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کریں گے۔
بزنس کمیونٹی کو آرڈیننس کے ذریعے نیب سے الگ کردیا، وزیراعظم
یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کو نیب کا خوف تھا، بزنس کمیونٹی کو آرڈیننس کے ذریعے نیب سے الگ کر دیا۔