اسلام آباد: حکومتی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر رواں ہفتے ایم کیو ایم قیادت سے ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین خان کی قیادت میں حکومتی رابطہ کمیٹی کا وفد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں سے رواں ہفتے ملاقات کرے گا، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کی جائے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں ایم کیو ایم کے تحفظات اور سیاسی صورت حال پر بات ہوگی، ایم کیوایم کے فنڈز، بلدیاتی اختیارات کی واپسی اور دیگر امور پر بھی بات ہوگی، جب کہ اتحادیوں میں ورکنگ ریلیشن شپ سمیت تحریری معاہدے پر غور ہوگا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت گرانے کی بلاول کی پیشکش مسترد کردی
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی مشروط پیش کش کی تھی، انھوں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے اور حکومت گرانے میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے۔
تاہم ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی حکومت گرانے کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے جواب دیا کہ وفاقی حکومت سے اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا گیا ہے، وزارتوں کے لیے نہیں، اگرچہ وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، لیکن حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کریں گے۔