ڈھاکا: فاسٹ بولر محمد عرفان کی لک ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہے، بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں وہ سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکا پلاٹون اور راج شاہی رائلز کے درمیان میچ میں فاسٹ بولر محمد عرفان سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
محمد عرفان بی پی ایل میں راج شاہی رائلز کی نمائندگی کررہے ہیں، ویسٹ انڈین بولر آندرے رسل نے محمد عرفان کی جانب گیند تھرو کی عرفان کہیں اور دیکھ رہے تھے کہ ان کے سر گیند آلگی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گیند لگنے کے بعد محمد عرفان سر پکڑ کر بیٹھ گئے، بی پی ایل انتظامیہ کی جانب سے ان کی انجری کی نوعیت ابھی تک نہیں بتائی گئی ہے۔
Hey Siri, can you sum up #BBPL in one video clip…? pic.twitter.com/TGzpmQMlM2
— Innocent Bystander (@InnoBystander) December 30, 2019
طویل قامت 37 سالہ فاسٹ بولر اپنے 4 اوور کے اسپیل میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے اور انہوں ںے اپنے اوورز میں 29 رنز دئیے تھے۔
دوسری جانب اسی میچ میں ڈھاکا پلاٹون کے وہاب ریاض نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 4.3 اوورز میں 8 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جن میں وہاب ریاض، جنید خان، محمد عرفان، شعیب ملک، شاہد آفریدی، آصف علی ودیگر شامل ہیں.
بی پی ایل میں شاہد خان آفریدی نے گزشتہ دنوں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ایک میچ میں انہوں نے صفر پر آوٹ ہوکر منفی ریکارڈ بھی بنایا تھا.