جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

سال 2019 میں قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے 5 کھلاڑی

اشتہار

حیرت انگیز

سال 2019 میں پاکستان کی کرکٹ کے لیے کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا لیکن دوسرے کھیلوں نے قومی کھلاڑیوں میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی بات کی جائے تو بیڈ منٹن میں ماحور شہزاد، ریسلنگ میں انعام بٹ، باکسنگ میں محمد وسیم اور اسنوکر میں محمد آصف نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

ماحور شہزاد

بیڈمنٹن کی نوجوان کھلاڑی ماحور شہزاد کا شمار پاکستان کی بہترین بیڈ منٹن کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

رواں سال ماحور شہزاد نے ورلڈ رینکنگ میں ٹاپ 150 میں جگہ بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون پلیئر بننے کا اعزاز حاصل کیا، سال 2019 میں انہوں نے 16 سنگلز میں سے 10 میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ پانچ ڈبلز میں سے تین میں ان کو کامیابی حاصل ہوئی۔

رواں سال ماحور نے پاکستان انٹرنیشنل سیریز میں گولڈ میڈل جیتا، بلغاریہ انٹرنیشنلز میں بھی ماحور کو برانز میڈل ملا، ساؤتھ ایشین گیمز کے ٹیم ایونٹ میں وہ برانز کی حقدار ٹھہریں۔

بابر اعظم

سال 2019 قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے لیے بہت ہی شاندار رہا، انہوں نے تینوں فارمیٹ میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا، بابر اعظم ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں نمبر ون اور ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔

انہوں نے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر رواں سال 2082 رنز اسکور کیے، صرف بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما نے بابر اعظم سے زیادہ رنز بنائے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بابر نے گیارہ اننگز میں 616 رنز اسکور کیے جو اس سال کسی بھی پاکستانی کے سب سے زیادہ رنز ہیں، ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 1092 رنز بنائے جبکہ ٹی ٹوینٹی میں 374 رنز اسکور کیے۔

رواں سال بابر اعظم نے انگلش کاؤنٹی سیزن میں بھی شرکت کی اور اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔

محمد وسیم

پاکستانی باکسر محمد وسیم نے ورلڈ پروفیشنل باکسنگ میں ملک کا نمایاں نام ہیں، محمد وسیم نے اس سال انجری سے جان چھڑا کر زبردست کم بیک کیا اور اپنی دونوں فائٹس میں حریف کو چاروں شانے چت کرکے اپنی پیش قدمی جاری رکھی۔

محمد وسیم نے ستمبر میں فلپائن کے باکسرکو صرف 82 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کردیا۔

دوسری فائٹ میں محمد وسیم نے دو مرتبہ کے سابق ورلڈ چیمپئن میکسیکو کے گینگیان لوپیز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔

انعام بٹ

ریسلنگ میں پاکستانی کھلاڑی انعام بٹ نے اپنی صلاحیتیوں سے سب کو حیران کردیا، انہوں نے ورلڈ بیچ گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا، یہ ان مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔

انعام بٹ نے ساؤتھ ایشین گیمز میں بھی سونے کا تمغہ جیتا جب کہ نیشنل گیمز میں بھی گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے، انعام بٹ نے مجموعی طور پر 13 گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔

بسمہ معروف

قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کے لیے رواں سال کافی اچھا ثابت ہوا انہیں قومی ویمنز ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔

بسمہ نے رواں سال 14 ٹی ٹوینٹی میچز میں 459 رنز اسکور کیے جو کسی بھی فل ممبرز ٹیم کی پلیئر کی جانب سے ویمن ٹی ٹوینٹی میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔

بسمہ معروف 24 میچز میں 498 رنز بنا کر انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ان کھلاڑیوں کے علاوہ بھی 2019 میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جن میں اسنوکر چیمپئن محمد آصف، شاہ حسین شاہ، ارشد ندیم، سعدی عباس، نجمہ پروین ودیگر نمایاں ہیں۔

اہم ترین

نعمان ناصر
نعمان ناصرhttps://arynews.tv/
صحافی و بلاگر، 8 سال سے اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں

مزید خبریں