کراچی: سندھ میں گیس بحران کے باعث سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی، صوبائی وزیرتوانائی امتیازشیخ نے سیاسی رابطے تیزکردیے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیرتوانائی امتیازشیخ نے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور صوبے میں گیس بحران سے پیدا ہونے والے خدشات سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کراچی سمیت سندھ بھرمیں گیس بحران پر بات چیت ہوئی۔
امتیازشیخ نے ایم کیو ایم کو پیش کش کی کہ آئیے ساتھ مل کرگیس بحران پر آواز بلند کرتے ہیں، عوام مشکل میں ہے ساتھ مل کراقدامات کرنے ہوں گے، وفاق کی جانب سے ایسے فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں۔
سندھ میں گیس بحران کی وجہ خود سندھ حکومت ہے: وفاقی وزیر توانائی
جواب میں خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت گیس بحران کے خاتمے کا روڈ میپ بنائے، عوامی مسائل پر ایم کیوایم آواز بلند کررہی ہے اور کرتی رہےگی، ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوام کے لیے آواز اٹھائی۔
واضح رہے کہ 28 دسمبر کو سندھ میں گیس بحران پر وفاقی وزیر عمرایوب نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے میں گیس بحران خود حکومت سندھ کا پیدا کردہ ہے، سندھ حکومت نے پائپ لائن کے لیے راستہ نہ دے کر عوام سے زیادتی کی۔
سندھ حکومت نے گیس بحران پر وفاقی وزیر توانائی کا دعویٰ مسترد کر دیا
عمر ایوب کا کہنا تھا سندھ حکومت نے آرٹیکل 158 کے تحت ایل این جی درآمد سے انکار کیا، حکومت سندھ اپنی من مانی کی سزا عوام کو نہ دے، حکومت مطلوبہ راستہ دے تو پائپ لائن بچھا کر بحران حل کر دیں گے۔