ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ گزشتہ5 ماہ سے کشمیری عوام محاصرے میں ہیں، کشمیری مذہبی آزادی سمیت بنیادی انسانی حقوق سے یکسر محروم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قاسم باغ اسٹیڈیم میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مختلف اطراف سے اسلام کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ منظم منصوبے کے تحت دہشت گردی کو مسلمانوں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کرنا دور حاضر کا بنیادی تقاضا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں متنازع قانون مسلمانوں کے خلاف تعصب کی بدترین مثال ہے، قانون کو بھارت کی 11 ریاستوں نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، ہندوستان کےعوام متنازع قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، گزشتہ 5 ماہ سے کشمیری عوام محاصرے میں ہیں، کشمیری مذہبی آزادی سمیت بنیادی انسانی حقوق سے یکسرمحروم ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مظلوموں کے حقوق دلانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔