لاہور : پنجاب حکومت نے محکمہ پولیس میں بھرتیوں پر پابندی ختم کردی، مزید310نئی بھرتیوں کیلئے منظوری بھی دے دی گئی، ریٹائرڈ جوانوں کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب کے سرکاری اداروں میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر رکھی تھی تاہم اب پنجاب پولیس میں بھرتیوں پرعائد پابندی ختم کردی ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ پولیس میں310نئی بھرتیوں کیلئے منظوری دے دی گئی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول کیلئے ریٹائرڈ جوانوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ نے محکمہ داخلہ کی سمری منظور کرلی، ریٹائرڈ جوان ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول کی سیکیورٹی دیکھیں گے، اس کے علاوہ اسپیشل برانچ میں ٹیکنکل کیڈر کی277آسامیوں پر بھرتی کی بھی منظوری دی گئی۔