بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

جمہوری عمل کا آغاز ہوچکا اسی عمل کے ذریعے ترمیم کو یقینی بنانا ہے، فردوس عاشق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمہوری عمل کا آغاز ہوچکا اسی عمل کے ذریعے ترمیم کو یقینی بنانا ہے، اس جمہوری عمل سے قومی مفاد کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج پارلیمنٹ میں اہم قومی سلامتی کےمسئلے پر قانون سازی ہوئی، یہ سویلین بالادستی کی طرف اہم پیش رفت ہے ، عوام کی بنائی پارلیمنٹ کےذریعے اس قانون کو درست کیا جارہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کےساتھ پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے، قیادت میں بصیرت ہو تو ہر چیلنج کومواقع میں بدل سکتی ہے، سیاسی مفادات کو پس پشت رکھتے ہوئے قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے، قومی مفاد میں بردباری دکھانے پرتمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد دیتی ہوں۔

معاون خصوصی نے کہا جب سرحدوں پرکشیدگی ہےتو افواج پاکستان کو تقویت دینےکی ضرورت ہے، وزیراعظم کی قیادت میں انشااللہ ادارے متحد رہیں گے، پاکستان کا آئین ملکی دفاع کی ذمہ داری وزیراعظم کو دیتا ہے، اس جمہوری عمل سے قومی مفاد کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم نےپارلیمنٹیرین سےخطاب کرتےہوئےاس ضرورت پرزوردیا، جوعوامی نمائندہ پارلیمنٹ کارکن ہے ، وہ عوام کو جواب دہ ہوتاہے، پارلیمنٹ کومضبوط بناناہے ،جمہوری عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا دفاعی کمیٹی میں بھی سیاسی نمائندے ملک کے بہترین مفاد میں فیصلےکریں گے ،پارلیمنٹ کے فورم سے یکجہتی کی آواز اٹھے گی، ووٹ کو عزت عمل سے دینی ہے الفاظ سے نہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پارلیمان کوعوام کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بنایاگیا ہے، ہرمہذب جمہوریت میں گورننس، ملکی دفاع کی ذمہ داری وزیراعظم کے پاس ہے، جمہوری عمل کا آغاز ہوچکا اسی عمل کے ذریعے ترمیم کو یقینی بنانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی ٹیمپریچر نیچے لانے کی ضرورت ہے، سیاسی اکھاڑے میں باکسنگ جاری رہے گی کیونکہ یہ سیاست کا حصہ ہے، قومی مفاد پر کوئی بھی سیاسی جماعت سمجھوتہ نہیں کرے گی، جہاں قومی مفاد ہوگا وہاں ایک دوسرے کوناک آؤٹ نہیں کرنا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جب افراتفری ختم ہوتی ہےتووہاں ترقی،خوشحالی،عوامی مفادات پرآگےبڑھتےہیں ، ہم جمہوری عمل کو آگے لیکر چلیں گے ، وزیراعظم نےکہاپاکستان کومستحکم معاشی محاذ پر رواں دواں رکھ کر آگے بڑھنا ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نیب قانون سےمتعلق ترمیم بھی پارلیمنٹ میں آگئی ہے، ملک سےوفاداری مولانافضل الرحمان کے خون میں شامل ہے، امید ہے فضل الرحمان محب وطن ہوتے ہوئے بل کی حمایت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہوں یاپی ٹی آئی، کوئی بھی قانون عوام اور ملک کی بہتری کیلئے بنایا جاتا ہے، کسی شخصیت یا مخصوص حکومت کے مفاد کیلئے قانون نہیں بنتے، سینیٹ میں ہم اکثریت میں نہیں وہاں سے بھی بل پاس کرانا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا سب کوساتھ لے کرچلنا چاہئے اور چل رہے ہیں، سیاسی مفاد میں سب کچھ چلتا رہتا ہے لیکن ملکی مفاد میں نہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں