پشاور: خیبر پختون خوا کی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کر دیے گئے، جب کہ 9 معاون خصوصی بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کے پی کابینہ میں تبدیلیوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا، وزیر بلدیات شہرام ترکئی کو وزیر صحت بنا دیا گیا، وزیر صحت ہشام انعام اللہ کو سماجی بہبود کا قلم دان سونپ دیا گیا۔
اکبر ایوب کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا وزیر بنا دیا گیا، وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی کو وزارت ہاؤسنگ کا قلم دان سونپا گیا، صوبائی کابینہ میں 2 نئے وزرا بھی شامل کر لیے گئے ہیں، محمد اقبال وزیر کو وزیر بحالی اور امداد بنا دیا گیا، جب کہ ملک شاد محمد کو وزیر ٹرانسپورٹ بنایا ہے۔ دوسری طرف معاون خصوصی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کامران بنگش معاون خصوصی بلدیات مقرر کر دیے گئے، اور وزیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کو مشیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مقرر کیا گیا۔
صوبائی کابینہ نے 9 معاون خصوصی بھی مقرر کر دیے ہیں، خلیق الرحمان مشیر برائے اعلیٰ تعلیم، ظہور شاکر معاون خصوصی اوقاف و مذہبی امور، عارف احمد زئی معاون خصوصی برائے معدنیات، ریاض خان معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ، شفیع اللہ خان معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن مقرر کر دیے گئے۔
تاج محمد ترند معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات، احمد حسین شاہ معاون خصوصی برائے بہبود آبادی، کیلاش سے تعلق رکھنے والے وزیر زادہ معاون خصوصی برائے اقلیتی امور، جب کہ غضن جمال معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مقرر کیے گئے ہیں۔