کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد نے مزار قائد پر حاضری دی جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔
چیف جسٹس نے مزار قائد پر حاضری کے دوران فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔ چیف جسٹس نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔
خیال رہے کہ جسٹس گلزار نے چیف جسٹس بننے کے بعد کراچی کا پہلا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے 21 دسمبر کو بطور چیف جسٹس اپنے ہعدے کا حلف اٹھایا تھا۔
جسٹس گلزار یکم فروری 2022 تک پاکستان کے چیف جسٹس کے عہدے پر براجمان رہیں گے۔
جسٹس گلزار کو دیوانی، بینکنگ اور کمپنی قوانین میں مہارت حاصل ہے۔ ان کے بارے میں عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جسٹس گلزار احمد کے چیف جسٹس بننے کے بعد سپریم کورٹ میں ایک مرتبہ پھر سے جوڈیشل ایکٹو ازم نظر آئے گا۔
بطور چیف جسٹس اپنی نامزدگی کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس گلزار نے کہا تھا کہ وکلا اور عدالتی مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ کورٹ کے حالات دیکھ کر افسوس اور شرمندگی ہوئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایک چیمبر میں چار سے پانچ ججز بیٹھے ہیں، اپنے وقت میں ایسی ڈسٹرکٹ کورٹس کی حالت نہیں دیکھی تھی۔ بار سے منسلک تمام مسائل کو 21 دسمبر کے بعد سے حل کرنا شروع کروں گا۔