اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو عالمی سطح پر اہم رابطوں سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکا، ایران میں جاری تنازع کے بعد کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کو عالمی سطح پر اہم رابطوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان کے مؤقف کا بھی جائزہ لیا گیا۔
خطے میں امن خراب کرنے والے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے: ترجمان پاک فوج
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا ایران کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں امن کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے لیکن امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں مگر ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔