نوشہروفیروز: کنڈیارو میں ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ایک بس نے ٹکر مار دی، جس سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے شہر کنڈیارو میں ایک بس نے ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کنڈیارو کے اسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کا شکار ہونے والی بد قسمت کار اور بس سکھر جا رہے تھے، کار کے مسافر ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس دے رہے تھے، کہ پیچھے سے تیز رفتار بس اس پر چڑھ دوڑی۔
پنجاب کے شہر بہاولپور کے علاقے لال سوہانرا کے قریب بھی ایک حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں، یہ حادثہ بس، ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی کے آپس میں ٹکرانے سے پیش آیا، ریسکیو کا کہنا ہے کہ ٹرک میں پھنسے ڈرائیور کو باڈی کاٹ کر نکالا جا رہا ہے۔
ادھر لاہور کے علاقے پھول نگر بائی پاس کے قریب بھی ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا ہے، پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 30 سالہ مقدس کے نام سے ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں شاہراہوں پر دھند کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹریفک حکام کی جانب سے گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نہایت احتیاط سے کام لیں، تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔