کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ کوئٹہ مسجد دھماکے میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے، کوئٹہ مسجد دھماکے میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، سرحد پر باڑ لگانا شروع کردی ہے، باڑ لگانے سے بلوچستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے گا۔
میرضیا لانگو نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کررہا ہے، سی پیک کی وجہ سے پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے اسحاق آباد کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان اور امام مسجد سمیت 15 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے انہوں نے ہدایت کی کہ امدادی کاموں میں پولیس، سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔