پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں 4.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں دیر بالا، سوات، وادی نیلم اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.7 تھی، زلزلے کا مرکز چلاس سے 58 کلو میٹر دور اور گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ سال گزشتہ کے آخری دن گلگت بلتستان کے قصبے چلاس میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی اور شاہراہ بند ہوگئی۔
چلاس کے علاوہ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز مینگورہ سے 260 کلو میٹر شمال مشرق اور گہرائی 42 کلو میٹر تھی۔