لاہور : برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے شاہی جوڑے کی شاندارمہمان نوازی پروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹرکرسچین ٹرنر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹرکرسچین کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کااظہار کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعلقات کےفروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیم،صحت،سیاحت،صنعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ، کرسچین ٹرنر نے شاہی جوڑے کی شاندار مہمان نوازی پر عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پاکستان اوربرطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفرمیں اہم پارٹنر ہیں، سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کی قدر کرتے ہیں، پنجاب میں 10اسپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں۔
عثمان بزدار نے اسپیشل اکنامک زونز میں برطانوی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دیں گے اور سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کے حوالے سے آسانیاں پیدا کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے، صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے، شعبہ صحت میں نئی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی کیلئے بجٹ میں 35 فیصد فنڈز رکھے گئے ، پاکستان معاشی ترقی کے سفر پر ٹیک آف کر چکا ہے۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹرکرسچین ٹرنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا پہلی بار لاہور آیا ہوں، بلاشبہ لاہور ایک بہترین شہرہے، خواہش ہےانگلینڈکی کرکٹ ٹیم جلدپاکستان کادورہ کرے۔
ڈاکٹرکرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربرطانیہ کےدرمیان بہترین تعلقات ہیں، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا بہت پوٹینشل ہے، پاکستان کیساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا پنجاب میں اسپیشل اکنامک زونزکاقیام زبردست منصوبہ ہے، اسپیشل اکنامک زونز میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لیں گے اور شعبہ سیاحت میں بھی پنجاب حکومت کی معاونت کریں گے جبکہ پنجاب حکومت کیساتھ سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔