مسقط : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے عمان پہنچ گئے ، جہاں وہ آج شاہی خاندان سےملاقات کریں گے اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے ، پاکستان کےسفیراورعمانی وزارت خارجہ کےحکام نےاستقبال کیا، وزیر خارجہ آج شاہی خاندان سے ملاقات میں سابق فرمانرواسلطان قابوس کےانتقال پر اظہارتعزیت کریں گے
گذشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے تھے ، جہاں انھوں نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی ، ملاقات میں مشرق وسطیٰ کشیدگی، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کےامورپرتفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا تھا کہ خطےمیں پائی جانے والی کشیدگی کے باعث تشویش ہے، کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطےکے استحکام کا تحفظ ضروری ہے، معاملات سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر پُرامن حل نکالنے پر زور دیا جائے۔
مزید پڑھیں : وزیرخارجہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات
شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے تنازعات کےحل کیلئے مذاکرات کاراستہ اپنانے پر آمادہ کیاجائے، بروقت آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے اقدامات نہ کیے تو پورا خطہ لپیٹ میں آسکتا ہے۔
شاہ محمود کا دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے سعودی ہم منصب کوآگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا خوش آئندہ بات ہے ایران، امریکا واضح کر چکے ہیں کہ کشیدگی نہیں چاہتے، ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے، معاملات افہام و تفہیم کیساتھ اور پر امن اندازمیں طے کیے جائیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نےسعودی ہم منصب کوپاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا اور کہا تھا کہ کشیدگی سےاہم مرحلے میں داخل افغان امن عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سعودی وریرخارجہ نے مشرق وسطیٰ میں بحرانی کیفیت پرقابوکیلئےپاکستانی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا شاہ محمودقریشی کے دورے اور کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
یاد رہے سعودی عرب کے دورے سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کا دورہ کیا تھا ، جہاں انھوں نے ایرانی صدر حسن روحانی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : پاکستانی سرزمین کسی جنگ کیلئے استعمال نہیں ہوگی، وزیرخارجہ
شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ایرانی صدر کو پاکستانی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی طرف سے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں، وہ ایران کے بعد سعودی عرب اور امریکا جائیں گے۔