لاہور: بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کپتان بابراعظم کے ہمراہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے محمد عامر اور فخر زمان کو قومی ٹیم سے ڈراپ کر کے شعیب ملک اور محمد حفیظ کو دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ہیڈکوچ مصباح الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم ٹیم کے کپتان ہوں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد بٹ، احسان علی، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، شعیب ملک، محمد حسنین، موسیٰ خان، محمد رضوان، شاداب خان، عثمان قادر اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے آسٹریلیا میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا، بنگلہ دیش کے خلاف بھی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل کمبی نیشن بنایا ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ شاداب خان پر کام ہو رہا ہے اور عثمان قادر کو بیک اپ کے لیے رکھا گیا ہے جبکہ حفیظ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلین ٹی 20 لیگ بگ بیش میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث رؤف پہلی بار پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے۔