اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں
درپیش چیلنجز،مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات سمیت ڈیجیٹل میڈیا سیکٹرمیں نوجوانوں کے لیے مواقع اور دیگر ایشوز پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے، نوجوانوں کے لیے آسان اقساط میں کاروبار کے لیے قرض دیں گے، کرپشن مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا اب بھی کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں ڈیجیٹل میڈیا بہترین کردار ادا کرسکتاہے، پاکستان کے درست تشخص کے لیے ڈیجیٹل میڈیا مؤثر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں، اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار اہم ہے۔