کراچی : رہنما پی پی پی مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ دوسرے صوبوں میں جب چاہیں آئی جی بدل دیتے ہیں، سندھ حکومت سے اس کا یہ استحقاق تک چھینا گیا۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ حکومت کا آئی جی تبدیل کرنے کا استحقاق تک چھینا گیا جبکہ دوسرے صوبوں میں جب چاہیں آئی جی بدل دیتے ہیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ صوبوں کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، حکومت نے پہلے مالی وسائل پر ڈاکہ ڈالا اب انتظامی اختیار صلب کرلئے۔
آٹے کے بحران سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ناکام سرکار اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے جان کر گندم کا بحران پیدا کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ واردات کے الزام دوسروں پر لگانا، شور مچانا حکمرانوں کا وطیرہ ہے، گندم حکومت کے سہولت کار کھا گئے اب الزام سندھ پر لگایا جا رہا ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ گندم کا بحران سندھ نے پیدا کیا تو چینی کی قیمتیں کس نے بڑھائیں، کیا آئی ایم ایف سے عوام دشمن شرائط پر قرضہ بھی سندھ نے لیا؟