اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج تاجروں کے لئے آسان ٹیکس نظام پر اہم اعلان کریں گے جبکہ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ،چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بھی ریمارکس دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق فکسڈ ٹیکس کے معاملے پر ملک بھر کے تاجر تنظمیوں اور وزیر اعظم کی مشترکہ بیٹھک آج ہوگی ، وزیر اعظم سے ملک بھر کے تاجروں کے وفد کے ملاقات کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔
تاجر تنظمیوں کے سربراہ اور سمیت سو کے قریب تاجروں کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات ہوگی، ملاقات میں تاجروں کو فکسڈ ٹیکس اور مکمل دستاویز کرنے مشاورت ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان تاجروں سے خطاب میں آسان ٹیکس نظام پر اہم اعلان کریں گے جبکہ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بھی ریمارکس دیں گے۔
مزید پڑھیں : تاجروں کے مطالبات منظور، نئے قوانین لاگو
یاد رہے 9 جنوری کو قائم مقام چئیرپرسن فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نوشین امجد سے تاجر نمائندوں کی ملاقات ہوئی تھی ، اجلاس میں ملک گیر سطح پر قائم کمیٹیوں کو آئندہ دو روز میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
ملاقات میں طے پایا کہ اسلام آباد میں 22 جنوری کو ملک بھر کے اہم تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کا مشترکہ اجلاس ہو گا، جس میں تاجر تنظیموں کے ساتھ طے شدہ معاہدے پر ہونے والی پیش رفت پر چئیرپرسن ایف بی آر و دیگر حکام تاجروں کو اعتماد میں لیں گے۔
اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ترجمان نے کہا تھا کہ تاجروں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے قوانین میں درستگی کردی گئی، جس سے کاروبار مزید آسان ہوجائے گا اور اب ادارے کو تاجروں کا تعاون بھی حاصل ہوگا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق نئے قوانین کے تحت ہر فروخت پر شناختی کارڈ کی شکل اب قانونی شکل اختیار کرگئی، تاجروں کا جائز مطالبہ تھا کہ اُن پر عائد کم از کم ٹیکس کی شرح میں کمی لائی جائے کیونکہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے زیادہ شرح کی وجہ سے اپنی فروخت کے اعداد و شمار دینے سے گریزاں تھے۔