پیر, جنوری 27, 2025
اشتہار

ملک کے اہم ترین ادارے کو افسران کی کمی کا سامنا، مزید 308 ریٹائرمنٹ کے لیے تیار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ملک کے اہم ترین ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو افسران کی کمی کا سامنا ہے، مزید 308 افسران ریٹائرمنٹ کے لیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک کا اہم ترین ادارہ سی اے اے انتظامی سربراہ سے محروم ہے، افسران کی کمی کے شکار سی اے اے میں بعض اعلیٰ عہدوں پر بھی عارضی طور پر افسران تعینات کر دیے گئے ہیں، سیکریٹری ایوی ایشن کو ڈی جی کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کے 5 اہم شعبہ جات میں مستقل بنیادوں پر ڈائریکٹرز تعینات نہیں ہو سکے، ان میں کمرشل، ائیر پورٹس سروسز، آپریشن، سی این ایس اور ایچ آر کے محکمے شامل ہیں، جن میں عارضی بنیادوں پر افسران تعینات کیے گئے ہیں، اہم پوسٹ ڈائریکٹر آپریشن سی اے اے پر بھی قائم مقام آفیسر تعینات ہے، ایئر پورٹ پر ریڈار اور اہم تنصیبات کے شعبے کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن نیوی گیشن سرویلنس کا عہدہ بھی کئی ماہ سے خالی ہے۔

- Advertisement -

ڈائریکٹر انجنیئرنگ، ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز کے عہدوں پر بھی قائم مقام آفیسرز تعینات کر کے معاملات کو ایڈہاک پر چلایا جا رہا ہے، ڈائریکٹر سیکورٹی جیسا اہم عہدہ بھی کنٹریکٹ بیس پر چلایا جا رہا ہے، ڈائریکٹر، کوآرڈنیشن کی اسامیاں بھی تا حال پُر نہیں کی جا سکیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد کے ایئرپورٹ منیجرز بھی قائم مقام ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے واضح احکامات ہیں کہ اداروں میں کوئی افسر ایڈ ہاک بنیادوں پر نہ لگایا جائے۔

دوسری طرف رواں سال 2020 میں سول ایوی ایشن اتھارٹی میں مجموعی طور پر 308 افسران و دیگر ملازمین ریٹائر ہو جائیں گے، جن کی فہرست اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہے، ریٹائر ہونے والوں میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، سینئرسپرنٹنڈنٹ، سپرنٹنڈنٹ سپروائزر سمیت دیگر عملہ شامل ہے۔ فہرست کے مطابق کراچی اور لاہور ائیرپورٹ کے 37 سے زائد افسران و ملازمین رواں سال ریٹائر ہو جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری میں 40، فروری میں 16، مارچ میں 22، اپریل میں 26، مئی میں 15، جون میں 38، جولائی میں 65، اگست میں 29، ستمبر میں 40، اکتوبر میں 24، نومبر میں 13 اور دسمبر میں 18 افسران و ملازمین ریٹائر ہوں گے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے میں افسران کی کمی، اہم عہدوں پر عارضی بنیادوں پر افسران کی تعیناتی کے باعث ادارے کو انتظامی امور چلانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں