لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کی عالمی ٹی ٹوئنٹی نمبر ون ریکنگ خطرے میں پڑ گئی۔
سری لنکا اور آسٹریلیا سے پے در پے شکستوں سے چور پاکستان ٹیم کی عالمی نمبر ون پوزیشن کو زبردست جھٹکا لگا ہے اور اب صرف ایک شکست کی صورت میں پہلی پوزیشن چھن سکتی ہے۔
پاکستان ٹیم اس وقت 270 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ آسٹریلیا ایک پوائنٹ کی کمی سے دوسرے نمبر پر ہے، جنوبی افریقا 262 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز پر نہ صرف فتح کا جمود توڑنے کا چیلنج درکار ہو گا بلکہ گرین شرٹس نمبر ون رینکنگ کی بقا کی جنگ بھی لڑیں گے۔
قومی ٹیم کو پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے بنگلادیش کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کرنا ضروری ہے وگرنہ ایک شکست سے بھی گرین شرٹس عالمی نمبر ون رینکنگ کھو بیٹھے گی۔
یاد رہے کہ بنگلا دیشی ٹیم12سال بعد 22 جنوری کو پاکستان آئے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 24 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
ہیڈکوچ مصباح الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم ٹیم کے کپتان ہوں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد بٹ، احسان علی، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، شعیب ملک، محمد حسنین، موسیٰ خان، محمد رضوان، شاداب خان، عثمان قادر اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔