ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز کی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے ملاقات کی جس میں اقتصادی شراکت داری، سیاسی امور سمیت دو طرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیرخارجہ سے ملاقات میں سیکرٹری خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر امریکی وفد کو آگاہ کیا، سیکرٹری خارجہ نے امریکی وفد کو بھارت کی ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، پاک افغان تعلقات میں بہتری کے لیے پرعزم ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے امریکی و فد کو وزیرخارجہ کے دورہ ایران وسعودیہ سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر سہیل محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے سفارتی کوششوں پر زور دیا جانا چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کو ملاقات کے دوران بتایا تھا کہ بیرون ملک غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو کافی حد تک حل کرتے ہوئے ان کے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کی تصدیق کے عمل کے لیے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے جس پر ایلس ویلز نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں