تازہ ترین

وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی سی ای او کی ملاقات

ڈیوس: وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوزن ووجکیکی اور سیمنز کے سی ای او جوئی کائیسر کی ملاقاتیں ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ڈیوس میں آٹو میشن کمپنی سیمنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جوئی کائیسر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، معاون خصوصی زلفی بخاری اور معاون برائے اور سیز سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی موجود تھے۔

ملاقات میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری پر مبنی مہارت کی منتقلی پر تبادلہ خیال ہوا۔

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوزن ووجکیکی کی بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے پاکستان میں سیاحت و سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

اس سے قبل ڈیوس میں پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاحوں کی جنت ہے جہاں مذہبی سیاحت کے مقامات کو کبھی فروغ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کئی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے، سیاحت کو فروغ دے کر ملکی معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ پاکستان زراعت اور قدرتی وسائل سے بھی مالا مال ہے۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ملکی صنعتی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ 70 کی دہائی میں قومیائی گئی صنعتوں کے باعث ترقی کو نقصان پہنچا۔

Comments

- Advertisement -