کراچی: شہر قائد کے علاقے دہلی کالونی میں باپ نے دو بچوں کو زہر دے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں زہریلے مشروب پینے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 بچے متاثر ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ 11 سال کی منزہ اور 8 سال کے ابراہیم کی حالت تشویش ناک ہے۔
سربراہ این آئی سی ایچ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ بچوں کو زہر دیا گیا ہے، ڈاکٹر جمال کے مطابق لگتا ہے کہ بچوں کو زہر والد نے دیا ہے۔
ڈاکٹر جمال کے مطابق بچوں کے والد ریحان بھی زہریلا جوس پی کر دم توڑ چکے ہیں، بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ بچہ وینٹی لیٹر پر ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچوں کو این آئی سی ایچ کے آئی سی یو میں طبی امداد دی جارہی ہے، دہلی کالونی میں ریحان اپنے 2 بچوں اور بیوی کے ساتھ رہتا تھا، ریحان کی بیوی سے معاملے سے متعلق بیان لے رہے ہیں۔
دہلی کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر زہر خورانی کا واقعہ گھریلو پریشانی کے باعث پیش آیا، ریحان نے مبینہ طور پر زہریلے مشروب کے تین گلاس پئیے، دونوں بچوں نے ایک ایک گھونٹ لیا تھا، متاثرہ بچی منیزہ کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریحان کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد واضح ہوگی۔