ڈیووس: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کلین گرین پروگرام سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دور کر رہے ہیں۔
یہ بات انھوں نے گزشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر کلاز شواب سے ملاقات کے دوران کہی، وزیر اعظم نے پروفیسر شواب کو ورلڈ اکنامک فورم کی 50 ویں سال گرہ پر مبارک باد بھی دی۔
ملاقات میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں اٹھائے گئے مسائل پاکستان سے مماثلت رکھتے ہیں، ہم اپنے ملک میں کلین گرین پروگرام سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دور کر رہے ہیں، 10 ارب درختوں پر مبنی شجر کاری مہم اس منصوبے میں شامل ہے۔
عمران خان کی متاثر کن شخصیت، امریکی صدر کی بیٹی بھی ملنے آ گئیں
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نوجوانوں کے لیے مہارت بڑھانے پر بھی توجہ دے رہا ہے، پاکستان نوجوانوں کی آبادی کو معاشی نمو کا ذریعہ سمجھتا ہے۔ وزیر اعظم نے ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین کو ترغیب دی کہ غربت کے خاتمے اور تعلیم کے لیے یہ فورم پاکستان سے شراکت دار بن سکتا ہے۔
خیال رہے کہ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان کی شخصیت عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنی رہی، عمران خان سے امریکی صدر کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے بھی ملاقات کی، فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈ برگ نے بھی وفد کے ہم راہ وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کی، وزیر اعظم سے ٹیلی نار کی چیئرپرسن گن ویئرسٹیڈ اور سی ای او سگوے بریکے نے بھی ملاقات کی۔