اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے بعد زینب بل جلد از جلد سینیٹ سے بھی پاس کرائیں گے، ایسے واقعات سے نمٹنے کیلئے ہیلپ لائن سسٹم بنایا جارہاہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جب بل پیش ہوا تو تمام سیاسی جماعتوں نے ووٹ دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحہ قصور جیسا واقعہ کسی بھی والدین کیلئے اس سے زیادہ تکلیف دہ بات کوئی نہیں ہو سکتی، زینب کا نام تو اب قانون کاحصہ بن گیا ہے، آئندہ زینب بل کے ذریعے باقی بلز کی منظوری میں معاونت ہوگی۔
سندھ سمیت تمام اسمبلیوں میں بھی ایسے بل پاس ہونے چاہئیں، ہم چاہتے ہیں کہ بچے جو اپنی حفاظت نہیں کرسکتے ان کی حفاظت کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات سے نمٹنے کیلئے ہیلپ لائن سسٹم بنایا جارہاہے، اس سسٹم کا مقصد ہے کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ ہو تو فوری کارروائی ہوسکے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہمارے قانون اور دین کے مطابق قتل کی سزا موت ہے، سیاسی جماعتوں نے اس کی مخالفت کی کہ سزائے موت نہیں ہونی چاہئے،۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا میں بھی زیادتی قتل کیس کی سزا موت ہے، قانون ٹھیک ہوناچاہئے اس کے بعد ڈھانچے کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔