ریاض : سعودی محکمہ کسٹم نے مسافروں کے لیے سگریٹ کے پیکٹ اور تمباکو کی حد مقرر کردی ، کوئی بھی مسافر زیادہ سے زیادہ سگریٹ کے پانچ پیکٹ اور تین کلو تک تمباکو لاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر مسافروں کے حوالے سے نئی تحریری ہدایت جاری کردی گئی ہے، جس میں بتایا گیا کہ مسافر کتنی تعداد میں سگریٹ پیکٹ سعودی عرب لاسکتا ہے؟
عرب ویب سائٹ نے محکمہ کسٹم کی ہدایات سے متعلق بتایا کہ کوئی بھی مسافر زیادہ سے زیادہ سگریٹ کے پانچ پیکٹ اور تین کلو تک تمباکو لاسکتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ’اگر کسی مسافر کے پاس پانچ سے زیادہ سگریٹ کے پیکٹ یا تین کلو سے زیادہ تمباکو پایا گیا تو ایسی صورت میں زیادہ پیکٹ اور تمباکو ضبط کرلیا جائے گا اور مقررہ مقدار کے حوالے سے کسٹم ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔‘
ذرائع کے مطابق نئی ہدایات پر عمل درآمد 16 جنوری 2020 سے شروع کر دیا گیا ہے۔