اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ کرمنل جسٹس سسٹم کو فعال بنانے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن ججز میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد پر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کا شکرگزار ہوں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا، کرمنل جسٹس سسٹم میں بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، کرمنل جسٹس سسٹم کو فعال بنانے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ فوجداری نظام عدل کے فعال نہ ہونے سے معاشرے کو نقصان ہوگا، بحیثیت ججز ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے انجام دینا ہوگا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہوگا، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین پاکستان 1973 میں بنا، فوری و سستےانصاف کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، کیا یہ حق انہیں فراہم کیا جا رہا ہے؟ ماڈل کورٹس کا قیام فوری اورسستے انصاف کی جانب ایک قدم ہے۔