جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

عاطف خان اور شہرام ترکئی کیخلاف چارج شیٹ سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی وزرا عاطف خان اور شہرام ترکئی کو عہدوں سے ہٹائے جانے کے بعد ان کے خلاف چارج شیٹ سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاق کے اقدامات کے باوجود عاطف خان شعبہ سیاحت میں ناکام رہے، نشاندہی کے باوجود متعلقہ مقامات میں سیاحت کے فروغ پر کام نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی کاوشوں سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا تاہم عاطف خان خیبر پختونخوا میں سیاحتی ماحول کےفروغ میں ناکام رہے، عاطف خان سیاحوں کو صوبے میں سہولیات فراہم نہ کر سکے۔

ذرائع کے مطابق بطور وزیر بلدیات شہرام ترکئی کی کارکردگی مایوس کن رہی، وہ بلدیاتی انتخابات کا قانون منظور کروانے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

ذرائع نے بتایا کہ دونوں وزرا کی کارکردگی صوبائی حکومت کیلئے شرمندگی کی وجہ بنتی رہی، وزیراعلیٰ کی باربار توجہ دلوانے کےباوجود دونوں وزیر ٹس سے مس نہ ہوئے اور مسلسل ناکامیوں کے بعد وزیر اعلیٰ نے دونوں وزرا کو فار غ کیا، خالی محکموں کے لیے نئے وزرا کا تقرر جلد کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ہٹائے جانے والے وزرا میں عاطف خان، شہرام خان ترکئی اور شکیل احمد شامل ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ پارٹی رہنما پالیسیوں کی مخالفت کرتے رہے، ایک عرصے سے تینوں وزرا گروپنگ کی طرف جا رہے تھے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ تینوں وزرا کو کئی بار سمجھایا گیا اور بات وزیر اعظم تک بھی گئی، تینوں کو سمجھانے کے بعد بھی معاملہ حل نہ ہوا تو مجبوراً انہیں ہٹانا پڑا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فی الحال تینوں پارٹی ارکان کو وزارتوں سے ہٹانے کا فیصلہ ہوا ہے، تینوں ارکان سے متعلق آئندہ کا فیصلہ پارٹی ہی کرے گی۔ لوگوں کو ڈیل کرنا، مشکلات حل کرنا اور اپنے حلقے میں موجود رہنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں